کولکاتہ،09؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات 2019 کے پیش نظر رہنماؤں کی طرف سے ایک دوسرے پر سیاسی حملے جاری ہیں۔مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتابنرجی نے ایک بار پھر پی ایم مودی پر حملہ بولا ہے اور کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی تشدد اور فسادات کے راستے سیاست میں آئے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس اپنے طور پر مرکز میں حکومت نہیں بنا پائے گی۔ممتا بنرجی نے کہا کہ اگر ہٹلر زندہ ہوتا تو مودی کی سرگرمیوں (کرتوتوں) کو دیکھ کر خودکشی کر لیتا۔ممتا بنرجی نے مغربی بنگال کے رائے گنج میں منگل کو ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے پرانی پارٹی بی جے پی کے سامنے سخت چیلنج نہیں پیش کر سکی جس سے بھاجپا کی ترقی ہو گئی۔ انہوں نے کہاکہ مودی فسادات اور قتل عام کے ذریعے سیاست میں آئے ہیں۔وہ فاشزم کے بادشاہ ہیں۔اگرہٹلر زندہ ہوتا تو مودی کے کرتوتوں کو دیکھ کر خودکشی کر لیتا۔وزیر اعلی نے کہا کہ کانگریس اپنے طور پر حکومت نہیں بنا پائے گی۔ممتا بنرجی نے کہاکہ اگر راہل گاندھی مرکز میں حکومت بنانا چاہتے ہیں تو انہیں دوسروں سے مدد مانگنی ہوگی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ہر ریاست میں مودی کو ہٹانے کے لئے جمع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ایک بار مودی اقتدار سے باہر ہو جائیں، تو ہم سب ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کے لئے کام کریں گے۔ممتا بنرجی نے کہا کہ ترنمول کانگریس نے فرقہ واریت کے خلاف اپنی جنگ میں کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔